ممبئی،یکم جولائی(ایس او نیوز؍ایجنسی) مہاراشٹرا اور بطور خاص ممبئی میں کورونا کا قہر لگاتار بڑھتا ہی جا رہا ہے، اس کے سدّ باب کے لیے ممبئی پولس نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے آج یکم جولائی کی رات بارہ بجے کے بعد سے ممبئی شہر میں 15 دنوں کے لیے کرفیو نافذ کردیا ہے۔ دفعہ 144 کے تحت نافد کیے جانے والے اس کرفیو کے دوران 15 جولائی تک رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے صرف ایمرجنسی خدمات سے متعلق افراد کو اس میں چھوٹ دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عوام کو انتہائی ضروری کام کے لیے صرف 2 کلو میٹر دور تک جانے کی اجازت ہوگی۔
ممبئی کے ڈپٹی پولس کمیشنر پرنئیا اشوک کی جانب سے جاری کیے گئے ایک حکم نامے کے مطابق ایک یا ایک سے زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے، یا کسی بھی طرح کی اور کسی بھی مقام پر بھیڑ بشول مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کے، جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
غورطلب ہے کہ کورونا وائرس کا قہر ملک بھر میں لگاتار جاری ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں کورونا کے 585493 کیسز ہیں۔ جس میں سے 3 لاکھ سے زیادہ لوگ صحتیاب ہو چکے ہیں، جبکہ 220114 کیسز فعال ہیں۔ وہیں اس خطرناک وائرس سے اب تک 17400 لوگوں کی جان جا چکی ہے۔ مہاراشٹر کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ہے جہاں 174761 کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس میں سے 77658 کیسز ملک کی راجدھانی میں ہیں۔ اس کے علاوہ ممبئی میں 4556 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔